نئی دہلی، 17/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ مکیش سہنی کے والد کے قتل کے بعد بہار کا سیاسی ماحول گر م ہوگیا ہے ، سرکار پر چوطرفہ حملہ ہو رہا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے مکیش سہنی کے والد کے قتل کیلئے این ڈی اے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ریاست میں دہشت کا راج قائم ہو چکا ہے۔ میں لگاتار کہہ رہا ہوں کہ بہار کی ڈبل انجن حکومت میں اقتدار کے حمایت یافتہ سرکاری مجرموں کا حوصلہ اتنا بڑھ گیاہے کہ وہ جب چاہیں، جہاں چاہیں، کسی کو بھی مار سکتے ہیں۔‘‘ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سچائی کو قبول کرنے کی بجائے، این ڈی اے حکومت پرانی باتوں پر ہی اڑی ہوئی ہےکہ یہاں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے جبکہ حقیقت اسکے برعکس ہے۔ بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے منگل کو میڈیا کیلئے جاری اپنے بیان میں کہا کہ آج حال یہ ہے کہ روزانہ سیکڑوں افراد مجرمانہ واقعات کی وجہ سے بے وقت موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔ آرجے ڈی لیڈر نے کہا کہ سابق وزیر کےگھر والے بھی محفوظ نہیں ہیں تو آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ عام لوگوں کا کیا حال ہوگا اور غریب، بے سہارا ،مزدور لوگوں کی کیا حالت ہوگی ؟ تیجسوی نے مکیش سہنی کے والد کے قتل پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجرموں کے ذریعے بڑے بھائی مکیش سہنی کے والد کے بہیمانہ قتل کی خبر سن کر سخت صدمے میں ہوں۔متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں...‘‘
راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے جیتن ساہنی کے قتل کی سخت مذمت کی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بہار میں وکاس شیل انسان پارٹی-وی آئی پی کے بانی اور سابق وزیر مکیش سہنی کے والد جیتن سہنی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو قابل مذمت قرار دیا۔ دونوں لیڈران نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بہیمانہ جرم کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سہنی خاندان کو انصاف ملنا چاہیے۔
راہل گاندھی نے کہا، ’’وکاس شیل انسان پارٹی کے بانی، بہار کے سابق وزیر اور انڈیا الائنس کے ہمارے ساتھی مکیش سہنی جی کے والد جیتن سہنی جی کے وحشیانہ قتل کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میں مکیش جی اور ان کے پورے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اس قابل مذمت جرم کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ بہار حکومت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ فوری کارروائی کرے اور قاتلوں کو سخت سزا اور ساہنی خاندان کو انصاف فراہم کرے۔پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا، ’’وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ اور بہار حکومت کے سابق وزیر مکیش ساہنی جی کے والد جیتن ساہنی جی کے قتل کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ ہولناک واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ بہار میں امن و امان مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور اس جنگل راج میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔‘‘